کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا ضلع نوشہرہ کا ہنگامی دورہ، غیر قانونی مائننگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

جمعرات 10 جولائی 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے جمعرات کو ضلع نوشہرہ کا ہنگامی دورہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کے ہمراہ نوشہرہ کے دور افتادہ علاقے جبی نظامپور میں مائننگ کی لیز شدہ بلاک کا بذریعہ کشتی معائنہ بھی کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس نوشہرہ میں قانونی مائننگ لیز ہولڈرکمپنی کو فیلڈ میں درپیش مسائل کے بارے میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں غیرقانونی مائننگ کی سپلائی لائن کاٹنے، پٹرول و ڈیزل سپلائی بند کرنے اور لیز ہولڈر کمپنی کے ساتھ جائنٹ چیک پوسٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانونی طور پر مائننگ کرنے والی لیز ہولڈرزکمپنی کو ہر ممکن انتظامی و سکیورٹی سپورٹ فراہم کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ صوبائی حکومت کی احکامات کی روشنی میں غیر قانونی مائننگ کرنے والے عناصر کی روک تھام اور قیمتی معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کو قانونی لیز ہولڈرز کی سکیورٹی بہتر بنانے کےلئے کمپنی کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنانے اور اس پر عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مائننگ لیز ہولڈر کمپنی کو ہرممکن سپورٹ فراہم کریگی اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ پولیس اور محکمہ معدنیات کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ قانونی لیز ہولڈر کی حوصلہ افزائی ہو اور غیر قانونی مائننگ کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔