ظ*مزدوروں کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا ناقابل قبول ہے : غلام مصطفی

پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق مزدور کی المناک موت پر اظہار غم

جمعرات 10 جولائی 2025 21:45

yلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر میاں غلام مصطفی، جنرل سیکرٹری رانا جبران، صوبہ پنجاب کے صدر عبدالمجید سالک اور جنرل سیکرٹری حافظ احسان الٰہی وٹو نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی پاور لوم فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے مزدور علی حسین ولد فقیر حسین کی المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں واقعے کو فیکٹری مالکان کی مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک سانحہ حفاظتی تدابیر کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کے حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا ناقابل قبول ہے اور متعلقہ حکام کو اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنی چاہیے تاکہ غفلت کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام صنعتی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی سطح پر سخت نگرانی کا نظام نافذ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محض حادثے کے بعد بیانات کافی نہیں، زمینی حقائق تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ فیکٹریوں میں حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد، مشینری کی باقاعدہ جانچ اور کارکنوں کو حفاظتی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

قائدین نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ رواں سال کے آغاز میں ایمن آباد گوجرانوالہ کی سٹیل مل میں پیش آنے والے حادثے میں چار مزدور جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو شدید زخمی ہوئے تھے، مگر ان واقعات سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔پاکستان ملی لیبر فیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کی جانوں کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں، تاکہ آئندہ کوئی اور علی حسین اپنی جان کی قربانی نہ دے۔