استور ،معاون خصوصی کا نگر خاص میں قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعہ 11 جولائی 2025 14:00

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) معاونِ خصوصی برائے انڈسٹریز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محمد علی قائد نے نگر خاص میں حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر نگر، اصغر خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی موجود تھے۔دورے کے دوران معاون خصوصی نے ہورو آر سی سی پل، ہمری نالہ، ہمری آر سی سی پل، قربان علی روڈ، ہمر کھئ ٹوکور کوٹ، ہرچی اور سوپلتر نالہ سمیت مختلف متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا۔

مقامی افراد نے معاون خصوصی کو بتایا کہ ٹوکر کھائ کے مقام پر دس سے زائد گھرانے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ علاقے میں قیمتی زرعی زمین، کھڑی فصلیں اور پھلدار درخت دریا برد ہو چکے ہیں، جب کہ آبپاشی کے نظام اور پینے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی کاشتکاروں کو فصلوں کی مکمل تباہی کا خدشہ لاحق ہے۔ڈپٹی کمشنر نگر، اصغر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے فوری بعد امدادی و بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔

متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور ان کو ٹینٹ، راشن اور دیگر ضروری امداد فراہم کی گئی۔معاون خصوصی نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی، آبپاشی کی نالیوں اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر کام ہو رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ داران پر مشتمل ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے جو متاثرہ علاقوں کا تکنیکی جائزہ لے کر فوری اور دیرپا حل تجویز کرے گی۔\378