پاکستان ویتنام مشترکہ تجارتی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کا انعقاد

جمعہ 11 جولائی 2025 15:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان اور ویت نام کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی ) کا پانچواں اجلاس جمعہ کو ہنوئی میں منعقد ہوا جو 8 سال کے تعطل کے بعد اس ادارہ جاتی فورم کی بحالی کا مظہر ہے۔وزارت تجارت کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری ناصر حامد اورویت نام کی ڈپٹی وزیر برائے صنعت و تجارت فان تھی تھانگ نے کی۔

مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پرمعاہدہ شدہ نکات پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان اور ویت نام کے وزیر برائے صنعت و تجارت نگوین ہونگ دیئن نے بھی شرکت کی۔کمیٹی نے دو طرفہ تجارت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور مستقبل میں تعاون کے لیے اہم شعبہ جات جیسے تجارتی سہولت کاری، منڈی تک رسائی، ٹیکسٹائل اور فشریز، حلال سرٹیفکیشن، سول ایوی ایشن، صحت عامہ، اور بینکاری چینلز میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ویت نام کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر بات چیت کا آغاز رواں سال میں ہی کیا جائے گااور دیرپا تجارتی ترقی کے لیے ادارہ جاتی و کاروباری روابط کو فروغ دیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی تجارت کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔جے ٹی سی کا چھٹا اجلاس پاکستان میں باہمی مشاورت سے طے شدہ وقت پر منعقد کیا جائے گا۔