پولیس ٹریننگ سکول شاہ کس میں انیسویں پاسنگ آوٹ پریڈ ، آئی جی پی ذوالفقار حمید کی بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعہ 11 جولائی 2025 15:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ضلع خیبر میں پولیس ٹریننگ سکول شاہ کس میں زیرِتربیت490 مرد اور 50 خواتین ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی محمد اختر عباس، سابقہ ایڈیشنل آئی جی اختر علی شاہ،ڈی آئی جی ٹریننگ غفور آفریدی، ڈی آئی جی آئی ٹی رائے اعجاز، ڈی آئی جی آپریشنز رب نواز خان سمیت علاقے کے سیاسی عمائدین، پاک فوج ، فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے افسران، اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید نے شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا ۔انہوں نے مارچ پاسٹ کا جائزہ لیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس محنت اور لگن سے پولیس کی بنیادی ٹریننگ مکمل کی اسی محنت اور لگن کے جذبے کو قوم کی خدمت کیلئے بروئے کار لا کر محکمے کی نیک نامی اورعزت کا باعث بنیں۔

انہوں نے ریکروٹس کی پیشہ ورانہ تربیت اور عزم کوبھی سراہا اور انہیں ایمانداری، فرض شناسی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار رہنے کی تلقین کی۔آئی جی خیبر پختونخواہ نے ریکروٹس کی جانب سے پیش کیے جانیوالے فائرنگ، سنائیپر فائر کے مقابلے دیکھے اور ریکروٹس کی فائرنگ میں مہارت کو سراہا۔اپنے دورے کے دوران، آئی جی پی ذوالفقار حمید نے پولیس ٹریننگ سکول شاہ کس میں ریکروٹس کیلئے ایک جدید سوئمنگ پول کے ساتھ ساتھ خواتین ریکروٹس کیلئے ہاسٹل کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔

یہ سہولیات خواتین پولیس اہلکاروں کی تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم ہیں۔اس کے بعد انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پولیس ٹریننگ سکول شاہ کس کے احاطے میں پودابھی لگایا ۔