کیف میں دن دہاڑے یوکرینی خفیہ کرنل قتل، حملہ آور فرار

حملہ آور نے اچانک آ کر افسر پر کئی گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگیا،پولیس

جمعہ 11 جولائی 2025 17:37

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دن دہاڑے ایک سینئر خفیہ افسر کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا، حکام کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق سیکیورٹی سروس آف یوکرین سے تعلق رکھنے والے افسر کو ایک پارکنگ ایریا میں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، سوشل میڈیا پر گردش کرتی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نے اچانک آ کر افسر پر کئی گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگیا۔

اگرچہ ایس بی یو نے مقتول کی شناخت ظاہر نہیں کی، لیکن یوکرینی میڈیا نے انہیں کرنل ایوان ورونووچ کے نام سے شناخت کیا ہے۔کیف پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر ایک شخص کی لاش ملی جس پر گولیوں کے نشانات تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔