سانحہ لیاری ،عدالت نی27 افراد کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا

جمعہ 11 جولائی 2025 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے 27 افراد کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کلثوم سہتو کی عدالت کے روبرو لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے 27 افراد کے جاں بحق ہونے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے گرفتار ایس بی سی اے افسران کو عدالت کے روبرو پیش کردیا۔ ملزمان میں زرغم حیدر، سید عرفان حیدر نقوی، اشفاق حسین، محمد جلیس صدیقی، سید فہیم مرتضی، عاصم علی خان، فہیم احمد، سید ذولفقار علی شاہ، رحیم حسین شاہ شامل ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کتنے مقدمے ہیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایک مقدمہ ہے۔ بلڈنگ گرنے کے بعد ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کے لیئے زیادہ سے زیادہ ریمانڈ دیا جائے۔ ملزمان کے پاس تمام دستاویزی ریکارڈ ہے۔ ملزمان سے ریکارڈ حاصل کرنا ہے۔ عدالت نے مالک کو آگے بلا لیا۔ وکیل صفائی ذیشان راجپر نے موقف دیا کہ رحیم بخش کے اس کا بیٹا اور داماد سمیت 5 افراد فوت ہوئے وہ تو خود متاثرہ فریق ہے۔

شہاب سرکی ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ 27 لوگوں کی جان گئی ہمیں افسوس ہے۔ اس ریکارڈ میں تمام چیزوں کا بتایا گیا ہے یہ کام کس کا ہے۔ گرفتارکرنے والوں کو یہ بھی نہیں معلوم کہ بلڈنگ بنانے کی اجازت کس افسر نے دی۔ کمپلیشن لیٹرکس نے جاری کیا، اپروول کس نے دیا۔ ریکارڈ کو سامنے لانے میں وزیر صاحب کو کیا مسئلہ ہے۔ کمپلیشن پلان کس نے دیا ہمارا تو واسطہ نہیں۔

آپ لوگ مقدمہ کریں لیکن تفتیش تو ٹھیک کریں۔ بنیادی چیز یہ ہے کہ وزرا کے دبا پر 3 دن بعد ان لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر چھوڑ بھی دیا گیا۔مقدمے میں کسی بھی وزیر کو نامزد تک نہیں کیا گیا۔ ان لوگوں نے کوئی لاش ریکور کروانی ہے جو ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔ تفتیش کے بغیر گرفتاری غیر قانونی ہے۔ ایس بی سی اے کے افسران نے کہا کہ ہماری تو اس علاقے میں پوسٹنگ نہیں تو پھر بھی ہمارا نام ڈال دیا گیا۔

ذیشان راجپر ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ مالک کی نواسی اور پوتی اس وقوعہ میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ اگر انہیں معلوم ہوتا تو یہ اپنے لوگوں کو اس بلڈنگ میں کیوں رکھتے۔ رحیم بخش پر کوئی ٹائٹل ڈاکومنٹس موجود نہیں۔ تمام دفعات قابل ضمانت ہیں اور 322 اس میں بنتی نہیں۔ جاوید چھتاری ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ اس مقدمے میں نامزد ملزمان کی زمہ داری نہیں بنتی۔ تفتیشی افسر کے پاس ملزمان کیخلاف کوئی ثبوت ہے نہیں۔ عدالت نے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔