وزیراعلیٰ راشن کارڈ کا دائرہ کار ستھرا پنجاب کے ورکرز تک بڑھانے کا فیصلہ

جمعہ 11 جولائی 2025 18:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پنجاب حکومت نے وزیراعلی راشن کارڈ کا دائرہ کار ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی موجود تھے جبکہ صوبہ بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کی بہتری کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ورکرز کی فلاح کیلئے ٹھوس میکانزم بنانے کا حکم دیا ہے۔تمام سی ای اوز کارڈ کے اجرا کے لئے اہل ورکرز کی فہرستیں جلد از جلد بھجوائیں۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ راشن کارڈ کی سہولت صرف اہلیت پوری کرنے والے ورکرز کو ملے گی۔

انہوں نے سی ای اوز کو ورکروں کی مئی کے مہینے سے حاضری کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محنت کرنے والے ورکرز ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ستھرا پنجاب کے ورکرز اور ان کے اہلخانہ کا ہر ممکن خیال رکھیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ سی ای اوز تحصیل کی سطح پر ورکرز کا ریکارڈ مرتب کریں۔ورکرز کی فہرستیں مکمل ہوتے ہی راشن کارڈ کا اجرا کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے محکمہ بلدیات نے ڈائریکٹو بھی جاری کر دیا ہے۔