متعدد سنگل میٹرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، لیسکو سمیت کمپنیوں سے ریکارڈ طلب

پی پی ایم سی نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کو 14 جولائی تک مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت دی

جمعہ 11 جولائی 2025 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) ایک سے زائد سنگل میٹرز رکھنے والے صارفین کے خلاف باضابطہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (PPMC) نے لیسکو سمیت ملک بھر کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 جولائی تک میٹرز کی مکمل تفصیلات اور صارفین کا ڈیٹا جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

اس ریکارڈ کی بنیاد پر وفاقی حکومت مزید کارروائی کے لیے حتمی حکمت عملی تیار کرے گی۔ذرائع کے مطابق میٹرز کی پڑتال کے دوران ایسے صارفین کی نشاندہی کی جائے گی جنہوں نے پروٹیکٹیڈ کیٹیگری کے غلط استعمال کے لیے ایک سے زائد سنگل میٹرز نصب کروا رکھے ہیں۔ نیپرا قوانین کے مطابق مخصوص کیٹیگری میں نصب میٹرز پر اگر کسی قسم کی خلاف ورزی پائی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ نیپرا قوانین کے تحت مخصوص حالات میں نصب میٹرز پر کارروائی نہیں کی جا سکتی تاہم خلاف ورزی ثابت ہونے پر حکومت کی ہدایت کے مطابق نرمی نہیں برتی جائے گی۔