معصوم جانوروں پرتشدد کی دھمکی، خاتون خنسا کیخلاف مقدمہ درج

جمعہ 11 جولائی 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) سوشل میڈیا پر معصوم جانوروں کو مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے پر پولیس نے ڈیفنس بی تھانے میں خاتون خنسا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں جانوروں پر ظلم کی روک تھام سے متعلق دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق اینمل اینڈ ریسکیو سنٹر کو کچھ تصاویر اور ویڈیوز موصول ہوئیں جن میں ایک خرگوش کو سر پر چوٹ لگنے سے مردہ حالت میں اور ایک بلی پر تشدد کی دھمکی دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

یہ مواد ادارے کے واٹس ایپ نمبر پر بھیجا گیا تھا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے 8 خرگوش، 2 بلی کے بچے، 7 کبوتر، ایک مرغی، 3 بطخ کے بچے انتہائی نازک حالت میں برآمد کیے گئے۔ ایک زخمی کبوتر اور بلی کا بچہ بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لیا۔پولیس کے مطابق خاتون کے گھر سے سانپ، شکرا اور ایگل جیسے خطرناک جانور بھی برآمد کیے گئے جنہیں وائلڈ لائف انسپکٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔