Live Updates

برسات کے موسم میں احتیاط ہی زندگی کی ضمانت ہے، چوہدری محمد شریف گھمن

جمعہ 11 جولائی 2025 20:43

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال چوہدری محمد شریف گھمن نے صنعت زار سیالکوٹ کے دورہ کے دوران طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ برسات کا موسم جہاں رحمتِ خداوندی کی علامت ہے وہیں یہ بے احتیاطی کی صورت میں حادثات اور جانی نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہم نہ صرف اپنے مال و اسباب کی حفاظت کر سکتے ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو بھی بچایا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے طلباء و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں اور محلہ جات میں بزرگوں، بچوں اور خواتین کو برسات کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں اور اپنی مدد آپ کے اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مقامی سطح پر شعور بیدار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ بارش کے دوران کھلی تاریں، پانی میں ڈوبے ہوئے بجلی کے پول اور غیر محفوظ چھتیں جان لیوا حادثات کا سبب بنتی ہیں، جن سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات ضروری ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے دوران عوامی رہنمائی کے فریضے کو بھی بخوبی سر انجام دے رہا ہے اور اسی مقصد کے تحت مختلف اداروں میں آگاہی مہمات کا آغاز کیا گیا ہے، جن کا مقصد نوجوان نسل کو قدرتی خطرات کے دوران درست فیصلہ سازی اور بروقت ردِ عمل کی تربیت دینا ہے۔

اس موقع پر طلباء و طالبات نے مختلف سوالات کیے جن کا چوہدری محمد شریف گھمن نے تسلی بخش انداز میں جواب دیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہر فرد اگر اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انفرادی و اجتماعی سطح پر احتیاطی تدابیر اختیار کرے تو ہم ایک محفوظ، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات