عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے سہولت بازاروں کااضافہ کیا جائے، کمشنر راولپنڈی

جمعہ 11 جولائی 2025 21:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ عوام کو ضروری اشیاء مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے سہولت بازاروں کا اضافہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ جن مقامات پر سہولت بازار قائم کیے جانے ہیں، وہاں فوری طور پر این او سی حاصل کیے جائیں تاکہ بروقت بازاروں کا قیام عمل میں لایا جا سکے اور شہریوں کو آسانی سے سستی اشیاء مہیا کی جا سکیں۔

نیز پرائس مجسٹریٹس کو فیلڈ میں بھرپور متحرک رکھا جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام کارروائیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی کو راولپنڈی ضلع کی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف تحصیلوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی چیکنگ سے متعلق کارروائیوں کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تحصیل گوجر خان میں 4761، کہوٹہ میں 3850، کلر سیداں میں 1500، راولپنڈی کینٹ میں 5064، سٹی میں 5230، صدر میں 2948 اور ٹیکسلا میں 4995 انسیکشنز کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 65 اوور چارجنگ کے کیسز سامنے آئے، 279500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 7 دکانیں سیل اور 13 افراد کو گرفتار کیا گیا۔