پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈکیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

جمعہ 11 جولائی 2025 22:01

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈکیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈنے انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ دورہ 17 جولائی سے 6 اگست تک جاری رہے گا، جس میں دو تین روزہ اور تین ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔ میچز کی تاریخوں اور مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ٹیسٹ کرکٹر سعود شکیل اسکواڈ کی قیادت کریں گے، جب کہ دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں میر حمزہ، موسی خان اور ساجد خان شامل ہیں۔

قائداعظم ٹرافی 2024-25 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیٹرز اعظم اویس اور معاذ صداقت کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اعظم نے 844 اور معاذ نے 646 رنز اس سیزن میں بنائے تھے۔بلے بازوں میں علی ذریاب، حیدر علی، محمد سلیمان، عمیر بن یوسف اور شمیل حسین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپنگ کے فرائض روحیل نذیر انجام دیں گے۔ فاسٹ باولر مشتاق احمد، شاہد عزیز اور عبید شاہ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

مشتاق احمد نے حالیہ فرسٹ کلاس سیزن میں (قائداعظم ٹرافی اور صدر ٹرافی) مجموعی طور پر 77 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اسپن باولنگ کے لیے فیصل اکرم، مہران ممتاز، مبصر خان اور ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے جو ٹیم کو سرخ اور سفید گیند کے میچز میں متوازن اسپن اٹیک فراہم کریں گے۔ٹیم 16 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہونے سے قبل کراچی میں واقع حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی کیمپ میں شرکت کرے گی۔