نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

جمعہ 11 جولائی 2025 22:02

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار آسیان ریجنل فورم کے   وزارتی اجلاس میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں منعقد ہونے والے آسیان ریجنل فورم کے 32ویں وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ بات ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اے آر ایف کے وزارتی اجلاس میں نائب وزیراعظم ایشیا پیسفک خطے کو متاثر کرنے والے سیاسی اور سلامتی کے امور پر بات چیت میں شرکت کررہے ہیں جس میں بات چیت کے ذریعے امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم ، کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند، آسٹریلیوی وزیر خارجہ سینیٹر پینی وونگ، لائو پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک کے وزیر خارجہ ، سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ، روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے اور نائب صدر کاجا کالس، سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ اور برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ان رہنمائوں نے جاری دوطرفہ مصروفیات کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت، اعلیٰ سطحی سیاسی تبادلوں اور عوام سے عوام کے رابطوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے کی حالیہ پیشرفت سمیت متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔