سیف سٹی سسٹم کے تحت بہاولپور شہر کی ہر اہم سڑک اور مقام کیمروں کی نگرانی میں ہے، فواد ہاشم ربانی

جمعہ 11 جولائی 2025 22:02

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پنجاب پولیس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بہاولپور فعال کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، اسپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جنوبی پنجاب آفتاب پیرزادہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایس پی کاشف عبداللہ نے سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ سنٹر منیجر کاشف بلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ پنجاب پروگرام وزیرِ اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کا شاندار وژن ہے، جس کے تحت تمام بڑے شہروں میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی سسٹم کے تحت بہاولپور شہر کی ہر اہم سڑک اور مقام اب کیمروں کی نگرانی میں ہےجو جرائم کی نشاندہی، مجرموں کی تلاش اور جرائم کے کنٹرول میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ، ٹریفک، تجاوزات اور صفائی کی صورتحال کو بھی مانیٹر کیا جا سکے گا۔فواد ہاشم ربانی نے ہدایت دی کہ پولیس اور انتظامیہ پرائیویٹ پلازوں اور مارکیٹوں میں نصب سیکیورٹی کیمروں کو بھی اس سسٹم سے منسلک کرنے کے لیے تاجر برادری کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کریں گی، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ملتان کو بھی جلد فعال کر دیا جائے گا۔

ایس پی کاشف عبداللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 245 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔ یہ کیمرے مصنوعی ذہانت کی مدد سے چہرے کی پہچان اور گاڑیوں کے نمبر شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، مارکیٹوں، اسکولوں اور ہسپتالوں کی نگرانی کو مؤثر بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اغواء یا کسی بھی بڑے جرم کی اطلاع فوری طور پر دینے کے لیے شہر میں 10 پینک بٹنز نصب کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح، دو مقامات پر انوائرمنٹل سینسر بھی نصب کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کے لیے فری وائی فائی کی سہولت کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ایس پی کاشف عبداللہ نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کے لیے جلد ای ٹکٹنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ورچوئل ویمن پولیس سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔