نظام مصطفی پارٹی کی بلوچستان میں بس مسافروں کے قتل کئے جانے کی مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 22:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب ،پارٹی صدرمیاں خالدحبیب الٰہی ایڈووکیٹ،جنرل سیکریٹری پروفیسر عبدالجبارقریشی ،چیف آرگنائزرعبدالرشید ارشد،سینئررہنماقاضی شبیر احمدنے بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشت گردوں کی جانب سے شناخت کرکے پنجاب سے تعلق رکھنے والے نومسافروں کوبسوں سے اُتارکراغواکرکے قتل کئے جانے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اورمسافروں کے لواحقین سے اظہارہمدردی کیااورکہاکہ پاکستانی عوام کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہونے چاہیے ،ملک دشمن قوتوں کی بزدلانہ کارروائی ناقابل برداشت ہے ،ملک دشمن اوران کے سہولت کاروں کوسخت جواب دیکر عبرت کانشان بنایاجائے ۔

(جاری ہے)

نظام مصطفی پارٹی کے رہنماوں نے کہاکہ بلوچستان میں دہشت گردوں نے ایک بارپھر سراٹھاناشروع کردیاہے تواترکے ساتھ دہشت گردانہ کارروائیاں جاری ہیں ،دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے جونیشنل ایکشن پلان بنایاگیا تھا ،آپریشن ضرب عضب ،آپریشن ردالفسادکے خاطر خواہ نتائج بھی برآمد ہوئے تھے حالیہ دہشت گردی کی لہر میں نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔