وزیراعلی خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا پروگرام پر عملدرآمد ،ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب آن لائن ای کچہری کا انعقاد

جمعہ 11 جولائی 2025 22:29

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)سوات کے عوام کے مسائل کے بروقت حل اور ضلعی انتظامیہ تک براہ راست رسائی کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ای-کچہری ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر سوات کے فیس بک پیج پر براہ راست نشر کی گئی جس میں ضلع سوات کے عوام نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے بذریعہ کمینٹس مختلف مسائل پر اپنی آرا اور شکایات پیش کیں۔

ای-کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی ارحم مختار، اسسٹنٹ کمشنر چارباغ منیر خان حلیمزئی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-I اخلاق احمد، پی ایم آر یو (PMRU) سٹاف، ضلعی انتظامیہ سوات کے متعلقہ برانچ انچارجز، ایریگیشن، لوکل گورنمنٹ اور دیگرلائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران و نمائندگان بھی موجود تھے جبکہ ضلع سوات کے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیل میونسپل آفیسرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جنہوں نے موصول ہونے والے شکایات اور مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سوات نے ای کچہری میں شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے ای-کچہری کے انعقاد کا مقصد بیان کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں عوامی مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور یہ ای-کچہری عوامی شمولیت کو فروغ دینے کی ایک مثر کاوش ہے۔ای- کچہری کے دوران عوام کی جانب سے متعدد اہم مسائل سامنے آئے جن میں بجلی چوری کے باعث لوڈشیڈنگ، پولٹری اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے ضابطگیاں، رکشہ کرایوں میں غیر قانونی اضافہ،دریائے سوات میں غیر قانونی نہانے اور غیر قانونی کرش مشینوں کی سرگرمیاں، غیر قانونی اسپیڈ بریکرز، دریائے سوات میں سیوریج اور بیت الخلا کا گند پھینکنے، عارضی اور مستقل تجاوزات کے خاتمے جیسے سنگین ماحولیاتی مسائل، تجاوزات اور ون ویلنگ جیسے غیر قانونی عوامل شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام شکایات کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے۔ متعددمقامات پر دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی مائننگ کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسوات نے تمام اسسٹنٹ کمشنر زکو موقع پر جا کر قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی جبکہ دیگر تمام مسائل کے حل کے حوالے سے بھی تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو جلد از جلد اقدامات اٹھانے کے ہدایات جاری کئے۔

صفائی کی صورتحال کے حوالہ سے موصول ہونے والے شکایات کے حل کیلئے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی۔ای-کچہری کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ ضلع سوات کے عوام باشعور ا ور مسائل کا ادراک رکھنے والے شہری ہیں جنہوں نے آج کے ای-کچہری میں نہایت سنجیدگی کے ساتھ اجتماعی نوعیت کے اہم مسائل اجاگر کیے۔

ضلعی انتظامیہ سوات عوامی اعتماد کو اپنی کامیابی سمجھتی ہے اور ان شکایات کے حل کے لیے مثر اور بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس طرز کی ای-کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نہ صرف مقامی شہری بلکہ بیرون ملک مقیم افراد کے مسائل کی نشاندہی ہوسکے اور ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔