حسن ابدال ،ہسپتال میں مبینہ غفلت کے باعث ایک اور قیمتی جان ضائع ہو گئی

جمعہ 11 جولائی 2025 21:00

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)اٹک کی تحصیل حسن ابدال کے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو)ہسپتال میں مبینہ غفلت کے باعث ایک اور قیمتی جان ضائع ہو گئی،24سالہ نوجوان گل نواز کو پیٹ درد اور الٹی کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا تھا، تاہم لواحقین کا الزام ہے کہ مریض کو زائد المیعاد انجکشن لگایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکا۔

متوفی کے والد کی مدعیت میں ڈسپنسر، نرسنگ اسٹاف اور ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ واقعے کے بعد ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی مبینہ غفلت پر شہری حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال کے مطابق واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور حقائق جلد سامنے آ جائیں گے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اٹک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعد نے نوجوان صحافی ایم احسان قریشی سے کے ساتھ خصوصی ٹیلی گفتگو میں کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد تمام تر صورتحال واضح ہو جائے گی اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،یہ واقعہ اس وقت مزید تشویشناک ہو گیا ہے جب یہ بات سامنے آئی کہ محض چند روز قبل اسی ہسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے ایک نومولود بچے کی ماں بھی جان کی بازی ہار چکی ہے۔ہسپتال میں لگاتار پیش آنے والے افسوسناک واقعات نے نہ صرف نظام صحت پر سوالیہ نشان کھڑے کر دئیے ہیں بلکہ شہریوں میں عدم تحفظ اور بے چینی کی فضا بھی پیدا کر دی ہے۔ مقامی آبادی نے وزیراعلی پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔