سیالکوٹ،پنجاب حکومت کی طرف سے سانحہ سوات میں جاں بحق ہونے والے ڈسکہ کے متاثرین کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم

جمعہ 11 جولائی 2025 21:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سانحہ سوات میں جاں بحق ہونے والے ڈسکہ کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کی گئی ہے اور جاں بحق 10 افراد کے تین ورثاء کو بالترتیب 80 ، 80 اور 40 لاکھ روپے کے امدادی چیک ان کے گھروں میں جا کر دئیے گئے۔ سوات میں آبی ریلے میں بہہ جانیوالے 10 میں سے نو افراد کی نعشیں مل چکی ہیں جبکہ کمسن عبداللہ جو آبی ریلے میں بہہ گیا وہ تاحال لا پتہ ہے ۔

امدادی چیکس صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق اور رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے متاثرہ خاندانوں کو ان کی رہائش گاہ پر جا کر دئیے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نوید اشرف، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اقبال سنگھیڑا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ہر مشکل وقت میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں اور ان کی خصوصی ہدایت پر لواحقین کے گھروں میں آ کر چیک دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی امداد سے مرحومین کا ازالہ ممکن نہیں ہےاور آج بھی دل خون کے آنسو رو رہا ہے کہ ہنستے بستے خاندان انتظامی کوتاہی اور بد انتظامی کی وجہ سے اجڑ گئے۔ذیشان رفیق نے کہا کہ ایک ڈوبنے والے بچے عبداللہ کا تاحال کچھ پتا نہیں چل سکا اور اس کے لواحقین بے چین ہیں اور ان کے دلوں کو قرار نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور پاک آرمی سے بھی رابطہ کریں گے تاکہ عبداللہ کی تلاش کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کی حکومتوں کو مریم نواز شریف سے سیکھنا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا نظام بنائیں کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دو گھنٹے تک متاثرین مدد کے لیے پکارتے رہے مگر بدقسمتی سے ان کو بچانے کے لیے کوئی نہیں پہنچ سکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد حکومت پنجاب کی متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور ان کے غم میں برابر کا شریک ہونے کی عملی مثال ہے۔