لکی مروت، تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار

10 سے 12 دہشت گردوں نے مورچہ زن ہوکر لکی مروت تھانے پر حملے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں نے تھرمل کیمروں کی مدد سے دہشتگردوں کی نقل وحرکت محسوس کی،پولیس نے دہشتگردوں کو مورچہ زن ہونے کا موقع نہیں دیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 جولائی 2025 11:06

لکی مروت(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی 2025)خیبرپختونخوا ہ کے علاقے لکی مروت میں تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تھانہ گمبیلا پر 10سے 12دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، پولیس نے تھانے کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت بھانپتے ہوئے فائرنگ شروع کی۔پولیس اہلکاروں نے تھرمل کیمروں کی مدد سے دہشتگردوں کی نقل وحرکت محسوس کی،پولیس نے دہشتگردوں کو مورچہ زن ہونے کا موقع نہیں دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔پولیس کے مطابق 10 سے 12 دہشت گردوں نے مورچہ زن ہوکر لکی مروت تھانے پر حملے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کی نقل وحرکت بھانپ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس پردہشت گرد فرار ہوگئے۔

پولیس کی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔ حملے میں پولیس نفری مکمل محفوظ رہی اور دہشت گردوں کی حملہ کرنے کی کوشش ناکام ہوئی۔حملے کے وقت دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس اہلکار مکمل طور پر الرٹ تھے جن کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کوئی نقصان کیے بغیر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقارحمید نے لکی مروت تھانے کے جوانوں کوخراج تحسین پیش کیا۔

آرپی او بنوں سجاد خان کی جانب سے بھی بروقت اور مؤثرکارروائی پر گمبیلا پولیس کے جوانوں کو شاباش دی گئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا ہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا گیا تھااور حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہو گئے تھے۔لکی مروت پولیس کاکہناتھا کہ رات کے وقت تھانہ درہ پیزو پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیاتھا۔

پولیس کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج اندھیرے میں فرار ہو گئے۔بیان میں مزید کہا گیا تھاکہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پولیس اہلکار ہائی الرٹ تھے ان کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کوئی نقصان کیے بغیر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔لکی مروت کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) محمد جواد اسحٰق نے حملے کو ناکام بنانے اور بہترین ردعمل پر پولیس اہلکاروں کو سراہا تھا۔