سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائنز اور سٹی ڈویژنزکی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

میرا سب سے اہم ٹارگٹ لوگوں کا پولیس پر اعتماد ہے، ملاقاتیوں سے حسن ِاخلاق سے پیش آئیں‘بلال صدیق کمیانہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپیٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنزکی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشی، قماربازی اورنقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام پرخصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل چوری کے تدارک کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول کیلئے سفید پارچات میں ڈیکائے آپریشنز کئے جائیں۔ اجلاس میں زیر ِ التواء مقدمات کے چالانوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے مختلف امور پر غورو خوض کیا گیا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ فنانشل کرائم کے درخواست گزاروں کو فوری ریلیف دلوائیں اورپینڈنگ روڈچالان مقررہ ٹائم فریم میں نمٹائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے محکمہ پولیس کے تمام ونگز باہمی اشتراک سے کام کریں۔

سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا سب سے اہم ٹارگٹ لوگوں کا پولیس پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقاتیوں سے حسن ِاخلاق سے پیش آئیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس کی امیج بلڈنگ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پر مبنی پالیسیوں سے لوگوں کا پولیس پر اعتماد بڑھے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ محکمہ پولیس کی امیج بلڈنگ کے اقدامات کو ذاتی طور پر مانیٹر کروں گا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال،سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجزنے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :