چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا بورڈ اجلاس ،زمینوں کے حوالے سے ریگولرائزئشن پالیسی کی منظوری

اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان تیار،ہر قیمت پر ناجائز قبضے ختم کرائیں گے‘وزیر اوقاف ومذہبی امور

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:39

چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا بورڈ اجلاس ،زمینوں کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کے بورڈ کا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ بورڈ نے محکمہ اوقاف کے سالانہ تخمینہ جات برائے سال 26- 2025 اور گزشتہ سال کے نظر ثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دی۔ بورڈ نے اوقاف کی زمینوں کے حوالے سے ریگولرائزیشن پالیسی کی بھی منظوری دے دی۔

پالیسی کے مطابق رہائشی زمینوں پر فی مرلہ ایک روپیہ کے حساب سے سالانہ 10فیصد اضافے کے ساتھ بقایاجات وصول کئے جائیں گے اسی طرح کمرشل زمینوں پر 2 روپے فی مرلہ کے حساب سے سالانہ 10فیصد اضافے کے ساتھ بقایا جات وصول کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے ضرورت کے مطابق رولز میں تبدیلی بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اوقاف کی زمینوں پر قابضین کے حوالے سے محکمہ اوقاف کی کمیٹی سروے کرکے ڈیٹا اکھٹا کرے گی ۔

بقایاجات کی وصولی کیلئے ایک ماہ کے نوٹسز بھجوائے جائیں گے۔نوٹسز کی وصولی کے بعد محکمہ اوقاف کی اراضی استعمال کرنے والے محکمے کے ساتھ معاہدہ کرنے کے پابند ہوں گے۔بورڈ نے زرعی زمینوں کے حوالے سے محکمہ اوقاف میں ڈائریکٹر ایگریکلچر کی آسامی پیدا کرنے کی بھی منظوری دی۔بورڈ نے محکمہ اوقاف کے ملازمین کیلئے ایڈہاک ریلیف الاؤنس اور اوقاف الاؤنس کی بھی منظوری دی۔

اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے صوبائی وزراء اور سرکاری افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔کمیٹی میں صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین،صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، پارلیمانی سیکرٹری اوقاف ملک وحید ،اراکین اسمبلی ،سیکریٹری اوقاف اور دیگر شامل ہیں۔

صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف کی اربوں روپے کی زمینیں ہرقیمت پر ناجائز قابضین سے واگزار کرائیں گے، ناجائز قابضین سے زمینیں واگزار کراکے عوام کے فلاحی منصوبوں کیلئے استعمال میں لائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان بنا لیا ہے۔

محکمہ اوقاف کی آمدن بڑھانے کے لئے مزید موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے مزارات پر سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ اخراجات کنٹرول کرکے محکمہ اوقاف کی آمدن بڑھائی گئی ہے، مانیٹرنگ کے موثر نظام کے باعث اہداف کا حصول ممکن بنایا گیا ہے۔ڈی جی مذہبی امور خالد محمود سندھو اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :