Live Updates

وزیراعلی سندھ کی سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت

صوبے کو آنے والے دنوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے. مراد علی شاہ کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 5 ستمبر 2025 16:22

وزیراعلی سندھ کی سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 ستمبر ۔2025 )سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، ناصر شاہ، محمد علی ملکانی، جام اکرام اللہ دھاریجو، مخدوم محبوب الزمان، سیکرٹری ٹو سی ایم عبدالرحیم شیخ، سیکرٹری لائیوسٹاک کاظم جتوئی، سیکرٹری ماحولیات زبیر چنہ، سیکرٹری بحالی و تعمیر نواختر بگٹی، ڈی جی (پی ڈی ایم اے سندھ) سلمان شاہ اور دیگر شریک ہوئے.

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران کہا کہ صوبے کو آنے والے دنوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ہمیں سات سے نو لاکھ کیوسک سیلابی صورتحال کی تیاری کرنی ہے آٹھ ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی کا بہاﺅ اپنے عروج پر ہوگا. اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کی تیاری، ریلیف کیمپس کا قیام اور سیلاب کی وجہ سے خطرناک قرار دیے جانے والے علاقوں سے لوگوں کے محفوظ مقام پر منتقلی کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے وزیراعلیٰ سندھ کو وزیر آبپاشی جام خان شورو اور سیکرٹری آبپاشی ظریف کھیڑو کی جانب سے سندھ میں دریاﺅں اور بیراجوں میں پانی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی.

اجلاس کے دوران امدادی اقدامات سے متعلق وزیر ری ہیبلیٹیشن مخدوم محبوب اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سندھ کے مختلف مقامات پر اب تک 528 ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں سندھ حکومت نے ایک لاکھ نو ہزار سے زیادہ لوگوں کو کچے سے پکے کے علاقے کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے وزیر اعلیٰ کو یہ بھی بتایا گے کہ قائم کیے جانے والے 528 ریلیف کیمپس میں لوگ کی آمد تاحال شروع نہیں ہوئی ہے.

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں 169 میڈیکل کیپمس پر اب تک 27 ہزار سے زیادہ مریضوں کا طبی سہولیات فراہم کی گئیں سندھ انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مویشیوں کی ویکسین کے لیے 110 کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں سات لاکھ 54 ہزار سے زیادہ جانوروں کو ویکسین لگائی گئی ہے. وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈویژنل کمشنرز کو عوام کا ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ گھر چھوڑ کر آرہے ہیں ان کا بھرپور خیال رکھا جائے دوسری جانب پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے مون سون بارشوں کے 10 ویں سپیل سے متعلق ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق چھ سے نو ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں.

ترجمان کے مطابق نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ہے تاہم سات سے نو ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے پی ڈی ایم اے پنجاب کی صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریائے چناب راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں.

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے لیے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں دریاﺅں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات