Live Updates

سیلاب متاثرین کے حق کے لیے لانگ مارچ بھی کرنا پڑا تو گریز نہیں کریں گے

حکمران ٹرمپ سے تمام امیدیں وابستہ نہ رکھیں، بھارتی آبی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے، قوم دل کھول کر متاثرین کی مدد کرے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 ستمبر 2025 18:53

سیلاب متاثرین کے حق کے لیے لانگ مارچ بھی کرنا پڑا تو گریز نہیں کریں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے حق کے لیے لانگ مارچ بھی کرنا پڑا تو گریز نہیں کریں گے۔ بلدیاتی ادارے فعال ہوتے تو اتنی تباہی نہ ہوتی۔ حکمران بھارت کی آبی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں صرف ٹرمپ سے ہی تمام امیدیں وابستہ نہ رکھی جائیں۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیلاب متاثرین کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ان کے نقصانات کے ازالے کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑے گی اوراس کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے، پرامن احتجاج سمیت تمام آپشنز استعمال کیے جائیں گے، جن لوگوں کے گھر سیلاب کی نذر ہوئے حکومت انہیں متبادل جگہ پر گھر تعمیر کر کے دے۔

دریاؤں کے راستے میں ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو این او سی حکومتی اداروں نے جاری کیے، نقصانات کے ازالہ کی بھی یہی ذمہ دار ہیں، متاثرین منصورہ اور جماعت اسلامی لاہور دفتر میں قائم کیے گئے خصوصی ڈیسکس سے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شیخ عثمان فاروق، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن وقاص انجم جعفری، نائب صدر الخدمت مشتاق مانگٹ اور سیکرٹری جنرل الخدمت لاہور ڈاکٹر اعجاز نذیر بھی موجود تھے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق پنجاب میں سیلاب سے چالیس لاکھ ایکڑ اراضی اور تین ہزار سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ تباہی کے پیش نظر امیر جماعت اسلامی نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ ملک کو رواں اور آئندہ برس چاول، گنا، گندم سمیت زرعی اور غذائی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دے اور بیج، کھاد اور ادویات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔

انہوں نے قوم سے متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے اور نوجوانوں کو الخدمت فاؤنڈیشن کا رضاکار بننے کی اپیل کی اور صحافیوں کو بتایا کہ کہ الخدمت پاکستان کے پندرہ ہزار رضاکاران امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات فراہم کی جارہی ہیں، پنجاب میں الخدمت کے 31سنٹرز فعال ہیں، موبائل ہیلتھ یونٹس بھی کام کررہے ہیں۔

  
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ دس برس سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، سندھ میں جماعت اسلامی کے مسلسل احتجاج کے بعد بلدیاتی انتخابات ہوئے تاہم ہارے ہوئے لوگ مسلط کردئیے گے۔ انہوں نے کہا سیلاب بلاشبہ بھارت کی آبی جارحیت کا نتیجہ ہے تاہم حکومتی بدانتظامی اور بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی بھی بڑے نقصانات کا سبب بنی۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی حالیہ صورتحال کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے ہرگز استعمال نہیں کرے گی تاہم حکومت سے سوال ضرور کیا جائے گا۔ عوام ظلم پر خاموش نہ رہیں، یہ ظالموں کو مزید طاقت فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران متنازعہ آبی ذخیروں کی بحث کا آغاز کرکے قوم کی توجہ تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کی ماحولیاتی تباہی سے شدید متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، تاہم حکومتیں ملک کا مقدمہ موثر طریقے سے پیش کرنے میں ناکام رہیں۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات