پلاننگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے سفاری زُو کے ماسٹر پلان کیلئے 7 ارب روپے کی منظوری دے دی

مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 11ارب 69 کروڑ روپے فنڈز منظوری کئے گئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 ستمبر 2025 19:08

پلاننگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے سفاری زُو کے ماسٹر پلان کیلئے 7 ارب روپے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2025ء) لاہور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 25 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے مجموعی طور پر 11ارب 69 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رو ¿ف نے کی۔اجلاس میں جن منصوبوں کی منظور ی دی گئی، ان میں سفاری زو کے ماسٹر پلان کے لیے 7 ارب روپے، راہوالی انٹرچینج گوجرانوالہ کی تعمیر کی فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے3 کروڑ روپے، موٹروے سے پنجاب کے جنوبی علاقوں لیہ اور بھکر تک ایکسپریس وے کی تعمیر کی فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے 4 کروڑ روپے ، جیلوں میں اصلاحی سہولیات کی فراہمی اور ریمپنگ پروگرام(RD)کے لیے ایک ارب 62 کروڑ روپے ، جیلوں میں اصلاحی سہولیات کی فراہمی اور ری ویمپنگ پروگرام (MRP ) کے لیے 2 ارب 40 کروڑ روپے ، والڑ سٹی میں بھاٹی گیٹ سے کتاری حاجی اللہ بخش میں اربن ری ہیبلیٹیشن اینڈ انفراسٹرکچر پروجیکٹ (پیکج ون) کے لیے 64 کروڑ روپے کی منظوری شامل ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ مسعود انور، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پہلا پنجاب ٹرانسپورٹ ایکسپو 2025 لاہور میں شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔ اس ایکسپو کو پنجاب حکومت کا ایک منفرد اور تاریخی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو جدید، سستا، معیاری اور ماحول دوست سفری نظام فراہم کرنا ہے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگ زیب نے ایکسپو کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن ”ماڈرن گرین موبلیٹی“ ہے جو نہ صرف جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق ہے بلکہ عوام کی سہولت اور ماحول کے تحفظ کی بھی ضمانت دیتا ہے۔ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب میں جدید الیکٹرک بسز، اٹومیٹڈ ریل سسٹم اور ہائی اسپیڈ ریل منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں حکومت پنجاب ماس ٹرانزٹ کے شعبے میں ای-مس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت عوام کو باعزت، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگ زیب نے ایکسپو میں لگائے گئے حکومتی منصوبوں کے ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ میٹروز، پنجاب ائیر لائن اور مری گلاس ٹرین منصوبے شامل تھے۔

انہوں نے ان تمام منصوبوں کو عوامی سہولت اور ترقی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ ایکسپو میں ای-ٹیکسی اسکیم کے لیے مخصوص گاڑیوں اور اسٹوڈنٹس بائیک اسکیم کو بھی نمایاں کیا گیا، جنہیں مریم اورنگ زیب نے سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملکی و غیر ملکی ای-ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے اسٹالز اور گاڑیوں کا معائنہ کیا اور مسافروں کے لیے بنائے گئے جدید ماڈل بس اسٹاپس دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے کہا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ ایکسپو میں غیر ملکی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں شرکت حکومت پنجاب کے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای-وہیکلز کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں مدد ملے گی اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا یہ اقدام جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی بنیاد قائم کر چکا ہے، جس سے عوام کو پہلی بار ایک ہی چھت تلے جدید ای-وہیکلز دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ مریم اورنگ زیب نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہر شعبے میں کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے اور ٹرانسپورٹ ایکسپو اس وژن کی عملی تصویر ہے۔