نوکنڈی میں انٹرنیٹ بندش سے کاروباری زندگی مفلوج، پی ٹی سی ایل حکام کی بے حسی عروج پر

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:56

نوکنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) تحصیل نوکنڈی اس وقت شدید انفارمیشن و کمیونیکیشن بحران کا شکار ہے، جہاں گزشتہ چار دنوں سے پی ٹی سی ایل کے انٹرنیٹ کی مکمل بندش نے بازار، بنک، نادرا، موبائل مارکیٹس اور دیگر تمام کاروباری و سرکاری اداروں کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل کی زیر زمین کیبل کٹ جانے کے باعث پورے شہر کا انٹرنیٹ نظام درہم برہم ہوچکا ہے، اور افسوسناک امر یہ ہے کہ متعلقہ حکام اب تک اس کیبل کو بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں موجودہ دور میں انٹرنیٹ ہر شعبہ زندگی کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے، لیکن نوکنڈی جیسے سرحدی و دور افتادہ علاقے میں پہلے ہی موبائل نیٹ ورکس (زونگ، ٹیلی نار، یوفون) کی سروس نہ ہونے کے برابر ہے۔

وہاں پی ٹی سی ایل واحد سہارا تھا، مگر اب اس کی بندش سے بینکوں میں ٹرانزیکشنز اور نادرا آفس میں شناختی کارڈ اور دیگر اہم امور کیلئے شہری پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

ایزی پیسہ، جاز کیش اور دیگر مالیاتی سہولیات متاثر ہیں آن لائن کاروبار، دکان داروں کی ادائیگیاں، اور موبائل مارکیٹس بند پڑی ہیں طلبہ و طالبات کا آن لائن تعلیمی نظام بھی متاثر ہو چکا ہے۔

پی ٹی سی ایل کی لاپرواہی اور رابطہ کا فقدان ہے۔پی ٹی سی ایل کے مقامی عملے اور افسران نے حد درجہ لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی نااہلی اس بات سے ظاہر ہے کہ کیبل کی مرمت جیسے چھوٹے سے مسئلے کو چار دن گزرنے کے باوجود حل نہیں کیا گیا شہریوں کی شکایات سننے کے بجائے نمائندوں نے اپنے موبائل فون بند کر دیے ہیں کسی بھی سطح پر عوام کو اپ ڈیٹ یا معلومات فراہم نہیں کی جا رہی شہریوں، تاجر برادری، موبائل مارکیٹ مالکان، نادرا عملے اور بینکوں کے عملے کو چاہئے کہ اجتماعی طور پر پی ٹی سی ایل کی شکایتی ہیلپ لائن 1218 پر کال کریں، شکایات درج کریں اور مطالبہ کریں کہ کیبل کو فوری بحال کیا جائے۔

جب تک عوام کی جانب سے بھرپور دبا نہ ڈالا جائے گا، حکام ایسے ہی لاپروائی سے کام لیتے رہیں گے۔نوکنڈی کے شہری ہر ماہ لاکھوں روپے انٹرنیٹ بل کی صورت میں پی ٹی سی ایل کو ادا کرتے ہیں، لیکن جب انٹرنیٹ سروس بند ہوتی ہے تو نہ تو ان کی شکایات سنی جاتی ہیں اور نہ ہی بروقت مرمت کا کوئی نظام موجود ہے۔ پی ٹی سی ایل کے ملازمین تنخواہیں تو لے رہے ہیں لیکن کام کے وقت گھروں میں بیٹھے ہوتے ہیں۔ تمام متاثرہ اداروں، انجمن تاجران، شہریوں، سماجی و سیاسی کارکنان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پی ٹی سی ایل کی1218 پر بار بار شکایات درج کریں سوشل میڈیا پر اس مسئلے کو اجاگر کریں۔ اور اگرمسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج کریں تاکہ پی ٹی سی ایل حکام کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں