صوبائی حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے

امن و امان کی صورت حال افسوسناک، حکومتی رٹ ختم، آدھا صوبہ نو گو ایریا بن چکا ہے ، مولانا محمد نبی شاہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:59

تیمرگرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) صوبائی حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے،امن و امان کی صورت حال افسوسناک، حکومتی رٹ ختم، آدھا صوبہ نو گو ایریا بن چکا ہے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے نائب امیر مولانا محمد نبی شاہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت امن و امان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے اور آدھا صوبہ نو گو ایریا میں تبدیل ہو چکا ہے۔

عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے یہ ذمہ داری پوری نہیں کی جا رہی۔مولانا محمد نبی شاہ نے تیمرگرہ میں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کے رہنما مولانا خانزیب کے ق تل کو تین دن گزر چکے ہیں لیکن تاحال صوبائی حکومت کی طرف سے کسی نے باجوڑ جا کر افسوس تک نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ حکومتی بے حسی اور مکمل ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات امن و امان کے بجائے سینٹ انتخابات میں خرید و فروخت بن چکی ہیں۔ سینٹ انتخابات سے پہلے 30 سے زائد ارکان اسمبلی کو پارلیمانی سیکرٹری مقرر کرنا سیاسی رشوت اور اپنی صفوں میں موجود عدم اعتماد کی علامت ہے۔مولانا نبی شاہ نے واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہو جائے تاکہ صوبے میں ایک ذمہ دار اور سنجیدہ قیادت سامنے آ سکے۔