لاہور کے دو علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، زیرحراست 2 خطرناک ڈاکو ہلاک

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) لاہور شہر کے مختلف علاقوں کاہنہ اور شادباغ میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران خطرناک ملزمان ہلاک ہو گئے۔ دونوں واقعات سی آئی اے (سی سی ڈی) پولیس کی تحویل میں زیرحراست ملزمان کی نشاندہی کے دوران پیش آئے۔پہلا واقعہ شادباغ کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس ملزم دلشاد کو واردات کی نشاندہی کے لیے لے جا رہی تھی کہ اسی دوران اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اچانک حملہ کر دیا۔

(جاری ہے)

جوابی فائرنگ کے دوران دلشاد اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن گیا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم 170 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔دوسرا واقعہ کاہنہ میں پیش آیا جہاں پولیس نے زیر حراست ملزم روحیل مسیح عرف سنی کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی۔ پولیس ترجمان کے مطابق اسی دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں روحیل بھی اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے ہلاک ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ڈکیتی، چوری اور سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔