عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ،گڈ گورننس کے ذریعے عام آدمی کے مسائل کو بنیادوں پر حل کئے جارہے، چوہدری انوارالحق

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور گڈ گورننس کے ذریعے عام آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، حکومت نے ''سٹیٹس کو'' کو توڑ کر تمام اداروں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کام کرنے پر مجبور کیا ہے۔

قانون سب کے لیے برابر ہے اور خود وزیراعظم عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (اے کے این ایس) کے صدر امجد چوہدری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل، حکومتی اقدامات، اور ترقیاتی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کو خصوصی ترجیح دی ہے اور ریاست بھر میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ان لینڈ ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن، سی بی آر اور پرال کے باہمی تعاون سے ٹیکس نظام کی آٹومیشن، اور پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم جیسے جدید اقدامات نے مالیاتی نظم و نسق میں شفافیت، درستگی اور تیزی کو ممکن بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے کے این ایس ممبران کی فلاح کے لیے انشورنس پالیسی کے لیے 30 لاکھ روپے کی گرانٹ دو اقساط میں جاری کی، جبکہ پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ میں 100 فیصد اضافہ میڈیا کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور آزاد کشمیر کے میڈیا کے ذمہ دار کردار کو سراہا۔وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے مزید بتایا کہ محکمہ تعلیم میں 3100 امیدواران کو این ٹی ایس کے ذریعے مکمل میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے، جبکہ پبلک سروس کمیشن کو شفاف انداز میں فعال بنایا گیا ہے۔ ہیلتھ پیکج، سوشل پروٹیکشن پروگرام اور دیگر فلاحی اقدامات سے عوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ ایلیٹ کلاس اور عام شہری کے درمیان تفاوت کو ختم کیا جائے اور ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ملاقات کے اختتام پر امجد چوہدری نے وزیراعظم آزادکشمیر کی میڈیا دوست پالیسیوں اور میرٹ پر مبنی گورننس اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے صحافی حکومت کے مثبت اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔صدر اے کے این ایس نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے آزادکشمیر کے میڈیا کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا اور حکومت اقدامات کی پرنٹ میڈیا کے ذریعے مزید موثر انداز میں ترویج کی یقین دہانی کروائی۔