مولانا عبدالمجید مرحوم جامع الصفات شخصیت تھے، علم، مرحوم نے سیاست اور سماج ہر میدان میں خدمات انجام دیں،مولانا عبدالواسع

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ مولانا عبدالمجید کی دینی، ملی، تنظیمی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں مولانا عبدالمجید اپنے بعد بلوچستان کے جامعات میں اپنے شاگردوں اور متعلقین کو صدقہ جاریہ چھوڑ کر گئے۔ مرحوم ایک جامع الصفات شخصیت تھے، علم، سیاست اور سماج ہر میدان میں خدمات انجام دیں مرحوم معتدل مزاج، مدبر، عالمی حالات پر نظر رکھنے والی شخصیت تھے۔

مولانا عبدالمجید ایک سادہ مزاج، پرہیزگار، اور فکری رہنما تھے، جو ہم سے رخصت ہو گئے۔ اہلیان بلوچستان و جمعیت علمائے اسلام ایک عظیم داعی، مشفق رہنما سے محروم ہو گئی مولانا عبدالمجید تقویٰ، علم، تحمل اور بصیرت کا عملی نمونہ تھے۔

(جاری ہے)

ان کی زندگی اخلاص، وقار اور نظریاتی وفاداری سے عبارت تھی۔ ان کی گفتار میں دانائی، انداز میں انکساری، اور فیصلوں میں غیرمعمولی تدبر نمایاں تھا۔

ان کی رحلت جماعتی، دینی اور فکری حلقوں میں ایک ناقابلِ تلافی خلا چھوڑ گئی ہے جمعیت علمائے اسلام ایک اصول پرست، غیر متزلزل، اور منظم قیادت سے محروم ہو گئی۔ مولانا عبدالمجید بلوچستان کی دینی قیادت کے ایک سنہرے باب کے اختتام کے مترادف ہے۔ یہ سانحہ پوری بلوچستان اور جماعت کے لیے گہرے صدمے کا باعث، اور کارکنان کے لیے رہنمائی سے محرومی کا دردناک لمحہ ہے۔

وہ میدانِ عمل میں سادگی، استقلال، اور وقار کی علامت تھے۔ ختم نبوت، اسلامی دستور، مدارس و مساجد کے تحفظ کے محاذ پر ان کا کردار ایک روشن اور تاریخی باب ہے۔ جماعتی کارکنان اور مدارس کے طلباء کے درمیان اخوت، تربیت، اور وفاداری کے جذبات پیدا کرنے میں ان کی محنت قابلِ تقلید ہے۔ اللّٰہ تعالیٰ ان کے اہلِ خانہ، جماعتی رفقاء ، تلامذہ، اور کارکنان کو صبرِ جمیل، حوصلہ، اور استقامت عطا فرمائے ہم سب کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے، دین کی خدمت میں اخلاص اختیار کرنے، اور جماعت سے سچی وابستگی کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :