اخوت فاؤنڈیشن نے وزیراعظم خود روزگار اسکیم کے تحت سے میں 300 کم آمدنی رکھنے والے خاندانوں میں دو کروڑ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے

اتوار 13 جولائی 2025 11:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)اخوت فاؤنڈیشن نے وزیراعظم خود روزگار اسکیم کے تحت سے میں 300 کم آمدنی رکھنے والے خاندانوں میں دو کروڑ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے گئے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی مسجد میں منعقدہ تقریب کی صدارت وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ محروم طبقے کو نچلی سطح پر خود روزگار کے مواقع فراہم کر کے غربت کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر جلال عارف، ڈاکٹر فقیر انجم، ڈاکٹر نجمہ افضل، اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر خالد شوق، وحید رامے، صائم احسن، ریجنل منیجر خالد گجر اور دیگر شریک تھے۔وائس چانسلر ڈاکٹرذوالفقار علی نے اخوت فاؤنڈیشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمزور طبقے کو بلاسود مائیکروفنانس کی سہولت فراہم کر کے انہیں خود کفیل بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اخوت اور سیلانی کے ماڈل کو سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی پسماندہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بہترین سکالر شپ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور یہاں کوئی بھی طالب علم مالی دشواری کی وجہ سے تعلیم سے دور نہیں جاتا۔ دیہی سطح پر خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مستحق افراد کی مدد کر کے ہم اجتماعی طور پر ایک مضبوط قوم بن سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہنر اور کاروباری مہارتیں سیکھیں تاکہ نوکری کے خواہشمند بننے کی بجائے نوکری دینے والے بن سکیں۔ڈاکٹر جلال عارف نے کہا کہ مستحق افراد کے لیے خصوصی توجہ کے ساتھ بلاسود قرضے دینا ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخوت کا فاؤ نٹین ہاؤسسز کا قیام قابل تحسین ہے جہاں ذہنی دباؤ کے شکار افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر خالد شوق نے کہا کہ اخوت معاشرے میں باہمی تعاون کی بنیاد پر ایک ایسا نظام قائم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے جو غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو۔ڈاکٹر نجمہ افضل نے کہا کہ وہ معاشرہ جہاں پر افراد دوسروں کی پریشانیاں دور کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا ا کریں وہ خوشحالی کی نئی راہیں مرتب کرتا ہے۔