ڈپٹی کمشنر کا محکمہ زراعت توسیع کے دفتر میں قائم کاونٹرز کا معائنہ

اتوار 13 جولائی 2025 12:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں گندم کے کاشتکاروں کو پے آرڈرز کی فراہمی کے لیے ضلع سرگودہا میں محکمہ زراعت توسیع کے دفتر میں قائم کیے گئے کاونٹرز کا ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)محمد وسیم نے معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ ضلع بھر میں 12 ایکڑ تک کے 5,404 مستحق کاشتکاروں کو پے آرڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ گندم خریداری پالیسی کے تحت ان کو ادائیگی یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود کسانوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کاونٹرزپرفراہم کردہ سہولیات اور عملے کی موجودگی کاجائزہ لیا، متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسان دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور شفافیت کے اصولوں کے تحت پے آرڈرز کی فراہمی کا عمل تیز اور موثر بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کسانوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔