بہتر پیداواری صلاحیت پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد ہے، شاہد عمران

اتوار 13 جولائی 2025 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ بہتر پیداواری صلاحیت پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد ہے۔ اتوار کو یہاں فیملی فوڈز پراڈکٹس کے زیراہتمام منعقدہ صنعتی پیداواری صلاحیت اور پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد کے موضوع پرگول میز ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادہ صنعتی پیداواری صلاحیت یعنی کم وسائل کے ساتھ زیادہ پیداوار حاصل کرنا پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ٹیکنالوجی اور ماہر افرادی قوت کے استعمال سے کم سے کم خام مال، توانائی اور افرادی قوت کا استعمال کرکے زیادہ سے زیادہ مال تیار اور خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں، پیداواری لاگت میں کمی، مسابقت میں اضافہ اور وسائل و سرمائے کے بہتر استعمال سے معاشی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد عمران نے کہا کہ زیادہ آمدن اور منافع سے قابل تجدید توانائی، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے ، بہتر ٹیکنالوجی اور ماہر افرادی قوت کے استعمال سے صرف صنعتی پیداوار اور اقتصادیات کو ہی فروغ نہیں ملتا بلکہ یہ ایک ایسی معیشت کی بنیاد بنتا ہے جو طویل مدتی ترقی، ماحولیاتی توازن اور سماجی بہبود کو فروغ دیتی ہے۔