جیکب آباد میں جمعیت طلباء اسلام کی جانب سے "تعلیم بچائو" ریلی کا انعقاد، دھرنابھی دیاگیا

تعلیم ایک بنیادی انسانی حق ہے، لیکن بدقسمتی سے حکومتی نااہلی، کرپشن اور لاپروائی کے باعث تعلیمی ڈھانچہ تباہ ہو چکاہے،مقررین

اتوار 13 جولائی 2025 17:00

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)جیکب آباد میں جمعیت طلباء اسلام (جے ٹی آئی) کی جانب سے "تعلیم بچائو" ریلی کا انعقاد کیاگیا،صوبائی رہنمائوں کی قیادت میں دھرنا دیاگیا اور نعرے بازی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق جمعیت طلبا اسلام ضلع جیکب آباد کی جانب سے تعلیم کی تباہی کے خلاف اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے تعلیم بچائو، ملک سنوارو ایک بڑی ریلی جے ٹی آئی سندھ کے صدر محمد اسامہ ہالیجوی، جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری،ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا سلیم اللہ بروہی، حاجی محمد عباس بنگلانی، انجینئر حماد اللہ انصاری، جنید احمد بیروہی، حافظ سجادالرحمان قاسمانی، محمد حنیف برڑو، محکم الدین بروہی، عبدالباری اوڈھانو، تاج محمود امروٹی، عبدالحلیم گھنیو، محمد عامر جمالی، اسامہ برڑو، عبیداللہ سندھی، اسداللہ جمالی، مولاداد کوسو اور دیگر نے کی۔

(جاری ہے)

ریلی مدرسہ تعلیم القرآن جیکب آباد سے شروع ہوئی، جو شہر کے مختلف چوراہوں اور سڑکوں سے ہوتی ہوئی آگے بڑھی۔ شرکا نے دورانِ مارچ بلند آواز میں نعرے لگائے، جن میں"تعلیم بچائوسندھ سنوارو"اور تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین بحال کی جائے جیسے فلک شگاف نعرے شامل تھے۔مارچ کے اختتام پر پیچوھاچوک پر دھرنا دیا گیا، اس موقع پر مقررین نے موجودہ تعلیمی نظام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایک بنیادی انسانی حق ہے، لیکن بدقسمتی سے حکومتی نااہلی، کرپشن اور لاپروائی کے باعث تعلیمی ڈھانچہ تباہ ہو چکاہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کے انتخابات فوری بحال کیے جائیں۔تعلیم کا بجٹ بڑھایا جائے،نصاب کو جدید اور مفید بنایا جائے، تعلیمی اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کی جائے۔اور اساتذہ کی تقرریاں مکمل طور پر میرٹ پر کی جائیں اور ان کو باعزت مقام دیا جائے۔اسی موقع پر جے ٹی آئی ضلع جیکب آباد کی مجلسِ عمومی کا انتخابی اجلاس صوبائی صدر اسامہ ہالیجوی کی نگرانی میں ہوا۔اجلاس میں محمد حنیف برڑو کو ضلع کا صدر اور محکم الدین بروہی کو ضلعی جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔