سابق وزیراعظم نواز شرایف کے منصوبے پر کام کرنے والی 202خواتین کمپیوٹر اساتذہ بے روزگار ہوگئیں

اتوار 13 جولائی 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے منصوبے پر کام کرنے والے سرکاری گرلزسکول و کالجز میں پڑھانے والی 202خواتین کمپیوٹر اساتذہ بے روزگار ہوگئیں،خواتین کمپیوٹر اساتذہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ ان کے پروجیکٹ میں توسیع کی جائے یاانہیںانہی سکولوں میں ان کو ایڈجسٹ کرکے بے روزگاری سے بچایاجائے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن(ایف ڈی ای) کے گرلزسکول اور کالجز میں کمپیوٹر پڑھنے والے 202خواتین اساتذہ کو پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

(جاری ہے)

یونیورسل سروس فنڈ کی طرف سے اسلام آباد کے بچیوں کے سرکاری اسکول اور کالجوں میں شروع کیے گئے کمپیوٹرلیبز پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد بند کر دیا گیا ،پروجیکٹ کے لیی202خواتین اساتذہ کو بھرتی کیا گیا تھا سرکاری خط کے مطابق پروجیکٹ کو باقاعدہ 30جون 2025کو بندکردیاگیاہے جس کے بعد یکم جولائی 2025 سے خواتین اساتذہ کے ساتھ کیا گیا معاہدہ ختم کر دیا گیااور پروجیکٹ میںتوسیع نہیں کی گئی، پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد202 خواتین بے روزگار ہو گئی ہیں لمبے عرصے تک پروجیکٹ میں کام کرنے کی وجہ سے خواتین اساتذہ اب کسی سرکاری نوکری کی بھی اہل نہیں رہیں کیونکہ خواتین اساتذہ کی بالائی عمر زیادہ ہوگئی ہے ،سرکاری خط کے مطابق خواتین اساتذہ نے پروجیکٹ کے دوران بہترین کام کیا اور پروجیکٹ کو کامیاب کیا جس پراساتذہ کو سراہا گیاہے۔