سیالکوٹ پولیس کی "ڈرگ فری پنجاب" مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری

اتوار 13 جولائی 2025 17:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) سیالکوٹ پولیس کی "ڈرگ فری پنجاب" مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی قیادت اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں منشیات کے ناسور کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی صدر سرکل عرفان سعید کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ صدر ارشاد احمد کی قیادت میں خفیہ اطلاع پر مبنی دو مختلف کارروائیوں میں خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

پہلی کارروائی میں مسماۃ مشعل کے قبضہ سے 5 کلو 500 گرام افیون جبکہ دوسری کارروائی میں ملزم رضوان سے 11 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ مجموعی طور پر 16 کلو 500 گرام منشیات برآمد کی گئی۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ دیگر اضلاع سے منشیات لا کر سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ترجمان پولیس کے مطابق ان گرفتاریوں سے نہ صرف مقامی سپلائی چین کو نقصان پہنچا ہے بلکہ اس دھندے میں ملوث دیگر افراد تک رسائی کا راستہ بھی ہموار ہوا ہے۔ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ پولیس منشیات کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے بچایا جا سکے۔