صوبائی وزیر قانون نے پی ٹی آئی ورکرز سے شیخان پبلک ہیلتھ کالونی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کرادیا

اتوار 13 جولائی 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے ''وعدوں سے تکمیل تک کا جاری سفر'' کے تحت پی ٹی آئی ورکرز کے ہمراہ ویلج کونسل شیخان پبلک ہیلتھ کالونی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کردیا جسے تقریباً ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ اس روڈ کی حالت گذشتہ کئی سالوں سے ناگفتہ بہ تھی اور اس کی دوبارہ تعمیر یہاں کے عوام کا مطالبہ تھا جسے وزیر قانون نے پورا کردیا۔

قبل ازیں شیخان پہنچنے پر عمائدین علاقہ نے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اہلیان ویلج کونسل شیخان کے مشران نے بہترین بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر پر وزیر قانون اور ایم این اے شہریار خان آفریدی سمیت پی ٹی آئی شیخان کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے اور انشاء اللہ ایسا کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کریں گے جسے ایفا نہ کیا جا سکے۔آفتاب عالم نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں سڑکوں کی تعمیر کی اہمیت مسلمہ ہے اس لئے ہماری ترجیح سڑکوں کی تعمیر ہے۔انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایاکہ عوام کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔