Live Updates

کراچی کی سڑکوں سے تاحال پانی نہ نکالا جاسکا، شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید بارش کی پیشگوئی

گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ہوئی، اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158، جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 10:46

کراچی کی سڑکوں سے تاحال پانی نہ نکالا جاسکا، شہریوں کی مشکلات برقرار، ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سڑکوں سے تاحال پانی نہیں نکالا جاسکا، جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں جب کہ شہر میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں آئی آئی چندریگر روڈ ، صدر، لکی سٹار حقانی چوک ، ٹاور ، اولڈ سٹی ایریا میں بدستور بارش کا پانی موجود ہے ، شہرکی مرکزی سڑکوں سے بھی سیلابی پانی کی مکمل نکاسی نہ ہو سکی، صدر کی مختلف مارکیٹوں کے اطراف اور آرٹس کونسل کی سڑک پر پانی تاحال موجود ہے ، کھارادر ، میٹھادر ، کپڑا مارکیٹ ، بولٹن مارکیٹ سے بھی پانی نہیں نکالا جا سکا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر میں نکاسی آب کے نظام کا پول کھول دیا جہاں بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، بارش کے بعد کراچی کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، اس دوران سب سے بڑی شاہراہ شارع فیصل بھی پانی میں ڈوب گئی جہاں گاڑیاں تیرتی ہوئی نظر آئیں، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 6 گھنٹے کی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی نکل رہا ہے، برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی ہو رہی۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ہوئی، اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158، جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی میں آج اور کل مزید بارش اور اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جس کے باعث آج شہر بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی گئی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات