Live Updates

سپیشل پراسیکیوٹر فوڈ پوائزنگ کا شکار، عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں پر سماعت ملتوی

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو عدالت میں بات کرنے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 11:06

سپیشل پراسیکیوٹر فوڈ پوائزنگ کا شکار، عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) سپریم کورٹ نے سپیشل پراسیکیوٹر کے فوڈ پوائزنگ کا شکار ہونے کے باعث تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جہاں معاون وکیل نے بتایا کہ ’سپیشل پراسیکیوٹر زوالفقار نقوی کو فوڈ پوائزنگ ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے وہ آج عدالت نہیں آئے، اس لیے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کریں‘۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ ’کل سماعت رکھ رہے ہیں، کل دیکھ لیں گے‘، اس دوران سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو عدالت میں بات کرنے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی اور کیس کی سماعت کل ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے نو مئی کے مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع کرانے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی نو مئی سے متعلق ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کی، اس حوالے سے وکیل درخواست گزار سلمان صفدر اور سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے تھے، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اس موقع پر عدالت میں موجود تھیں۔

دوران سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی نے سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ نے دستاویزات جمع کروائے تھے، کل ساڑھے 10 بجے تک دستاویزات کو دیکھ لیتے ہیں، ہمیں بھی تو دستاویزات کو پڑھنا ہے کیوں کہ آپ نے جو کچھ دستاویزات جمع کروائے ہیں، میں ان کو دیکھ نہیں سکا، ایسا کرتے ہیں کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیتے ہیں‘۔ اس پر وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ’چند فیصلوں کے حوالے سے دستاویزات جمع کروائے ہیں‘، اس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ’اس حوالے سے مزید بھی اگر کسی فریق نے کوئی بھی دستاویزات جمع کرانے ہیں تو وہ آج ہی کرادے، اس کے علاوہ پراسیکیوشن بھی ملزم کی طرف سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے لیں‘، بعد ازاں سپریم کورٹ نے اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات