بھارت، مندر میں پوجا کرنے پر دلت شخص پر تشدد

پیر 14 جولائی 2025 15:07

لکھنو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایک دلت شخص کومندر میں پوجا کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایاگیا اورمندر سے باہر نکالاگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق27سالہ دلت شخص شیلندرنے کہا کہ لودھیشور مہادیو مندر میں پوجا کی کوشش کرنے پر اس کے ساتھ مارپیٹ اور بدسلوکی کی گئی۔ اس واقعے پر لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتاہے اوروہ منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اگرچہ پجاری نے دعویٰ کیا ہے کہ شیلندرنے ہی پہلے بدتمیزی کی۔

(جاری ہے)

تاہم شیلندر کی پولیس شکایت کے مطابق جب اس نے پوجا کی کوشش کی تو مندر کے پجاری آدتیہ تیواری، اکھل اور شبھم تیواری نے اسے روکا اور ذات پات کی بنیاد پر اس کی توہین کی۔ جب اس نے احتجاج کیا تو انہوں نے اس پر مندر کے برتن اور گھنٹی سے حملہ کیا۔ اسے شروع میں رام نگر کے ایک کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا اور بعد میں مزید علاج کے لیے بارہ بنکی کے ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا۔رام نگر کے ایس ایچ او انیل کمار پانڈے نے صحافیوں کو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہے ہیں اور تحقیقات کے بعد مناسب کارروائی کریں گے۔