پاکستان ہائی کمیشن ولنگٹن کا سروسز کی فراہمی کیلئے کرائسٹ چرچ میں کیمپ،پاکستانی کمیونٹی کا ڈاکومنٹیشن کی تصدیق کیلئے کیمپ کا دورہ

پیر 14 جولائی 2025 17:28

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء) پاکستان ہائی کمیشن ویلنگٹن نے پاکستان ایسوسی ایشن آف کینٹربری کے تعاون سے پاکستانی کمیونٹی کو کمیشن کی سروسز مہیا کرنے کے لیے گزشتہ روز کرائسٹ چرچ میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ویلنگٹن سے آئے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

کینٹربری میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے ہائی کمیشن سے متعلق اپنے مسائل کے حل اور ڈاکومنٹیشن کی تصدیق کے لیے کیمپ کا دورہ کیا- موقع پر موجود پاکستان ہائے کمیشن کے عملہ نے ضروری کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر ان کے مسائل کو حل کیا- اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز،ڈپٹی ہائی کمشنر عزیز اللہ خان، پاکستان ایسوسی ایشن آف کینٹربری کے صدر اشتیاق احمد ، جنرل سیکرٹری ندیم خان اور نائب صدر غلام جیلانی سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدے داران بھی موجود تھی- اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے،ہمارا یہ کام ہے کہ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام اور تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے اور ہائی کمیشن کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچائی جائیں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بھی یہ خصوصی ہدایات ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ہر وقت رابطہ میں رہا جائے،ان کی شکایت اور مشکلات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائی- ڈاکٹر فیصل عزیز نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں ہائی کمشن کیمپ کا انعقاد کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا ہو گیا ہے اور ہم انشاء اللہ کوشش کریں گے کہ ہر چھ مہینے کے بعد اس کا انعقاد کیا جائے تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو جو ولنگٹن میں آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا ازالہ کیا جا سکی-انہوں نے بتایا کہ میری پاکستانی طالب علموں سے بھی اچھی ملاقات ہوئی ہے ان کے خیالات جاننے کا موقع ملا ان کے جو بھی مسائل ہیں نیوزی لینڈ گورنمنٹ کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کریں گی- پاکستان ایسوسی ایشن آف کینٹربری کے صدر اشتیاق احمد نے کیمپ کے انعقاد پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز اور ان کے سٹاف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فیصل عزیز کے آنے سے کمیونٹی اور ہائی کمیشن کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ رابطے آئندہ بھی جاری رہیں گے پاکستانی کمیونٹی ہائی کمیشن کے سٹاف کی کارکردگی سے بہت خوش ہے اور ہم ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے۔