بہاولپور میں صنعتی اداروں کے 980مستحق ورکرز کوراشن کارڈز کا اجرا

پیر 14 جولائی 2025 18:29

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی وترقی ڈاکٹررانا محمد طارق خان نے مختلف صنعتی اداروں کے مالکان کومستحق ورکرز کے لیے راشن کارڈ فراہم کیے۔راشن کارڈ تقسیم کے حوالے سے ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں ضلع بہاول پور کے لیے پہلے فیز میں جاری شدہ980راشن کارڈ مختلف صنعتی اداروں کےمستحق ورکرزتک پہنچا دئیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبہ میں پنجاب راشن کارڈ کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب بھر کے 12 لاکھ 50 ہزار صنعتی محنت کشوں کو راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب راشن کارڈ کے ذریعے کارڈ ہولڈر ہر مہینے اشیائے خوردونوش کی خریداری پر 20 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

راشن کارڈ کی بدولت صوبہ پنجاب میں موجود مستحق خاندانوں کو اشیائے خوردونوش پر تین ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی چوہدری ظفر اقبال نے بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کے مستحق خاندان حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ راشن کارڈ پروگرام میں رجسٹریشن کرا کے بآسانی راشن کارڈ حاصل کر سکتے ہیں جس کے تحت ہر خاندان کو ماہانہ تین ہزار روپے کا ریلیف حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے راشن کارڈ حاصل کرنے کے لیے اہلیت کے سادہ سے معیار مقرر کیے گئے ہیں، جنہیں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والا مستحق شہری باآسانی مکمل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی اور دیگر سرکاری گرانٹس حاصل کرنے والے صنعتی مزدور بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔