رائٹ مینجمنٹ پولیس کے 3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل پہلے بیج کی تربیت مکمل

پیر 14 جولائی 2025 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) رائٹ مینجمنٹ پولیس، لا اینڈ آرڈر یقینی بنانے کے لئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا خواب تعبیر کی جانب گامزن ہے۔ اسی سلسلے میں رائٹ مینجمنٹ پولیس کے 3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل پہلے بیج کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ اگلے چند روز میں متوقع ہے جس کے بعدزیر تربیت اہلکاروں کو ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں فرائض کی ادائیگی کیلئے بھیجا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس خرم شکور نے ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز کے ہمراہ پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی آئی جی اسد سرفراز نے ایڈیشنل آئی آر ایم پی کو فورس کی ٹریننگ بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے ٹریننگ کرنے والے جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ دور حاضر کے لا اینڈ آرڈر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے فورس کی جدید خطوط پر تربیت یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 08 ہفتوں پر مشتمل کورس میں فورس کی فٹنس، کارکردگی کا اعلی معیار برقرار رکھنے کے لئے سپیشل ڈرلز ڈیزائن کی گئیں۔ ایڈیشنل آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس نے مزید بتایا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لئے خصوصی آلات، ساز و سامان کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد 2 ہزار مزید اہلکاروں کی بھرتی کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے فورس کی اعلی معیار پر تربیت کے لئے ٹریننگ سٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لاہور اور راولپنڈی میں 500 آر ایم پی اہلکار، تمام ریجنل دفاتر میں 250 اہلکار بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں میں موب انگیجمنٹ، موب کنٹرول، واٹر کینن، آنسو گیس، ربر بلٹ، سٹن گرینیڈ، لانگ رینج صوتی ڈیوائس، انخلا، گرفتاری، فرسٹ ایڈ، ایڈوانس پارٹی، ڈرون آپریشن، سنائپرز، کے نائن ہنڈلرز ٹیمیں شامل ہیں۔