قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری نے پرائیویٹائزیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2024 سرکاری بل کو اکثریتی ووٹ سے منظور کر لیا

پیر 14 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری نے پرائیویٹائزیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2024 سرکاری بل کو اکثریتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا 10 واں اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں رکن قومی اسمبلی محمد فاروق ستار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔وزارت خزانہ کے نمائندے نے کمیٹی کو بتایا کہ پوسٹل لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ (پی ایل آئی سی ایل) کے لیے 3 ارب روپے کی رقم منظور کی گئی ہے اور قائمہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابق رواں مالی سال کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں 3 ارب روپے کی رقم دی جائے گی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پری کوالیفیکیشن کمیٹی نے چار کمپنیز کو حتمی شکل دی جن میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر مشتمل ایک کنسورشیم شامل ہے۔

(جاری ہے)

عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزرز کمپنی لمیٹڈ، دی سٹی سکول (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر مشتمل ایک کنسورشیم، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، ایئر بلیوان کمپنیوں کو پی آئی اے سی ایل کے ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی۔

اجلاس میں ایم این ایز انوار الحق چوہدری، چوہدری محمود بشیر ورک، عبدالقادر خان، صبا صادق، نذیر احمد بھوگیو، نعمان اسلام شیخ، سحر کامران، ارشد عبداللہ وہرہ، سنجے پیروانی، محمد سعد اللہ، محبوب شاہ، ذوالفقار علی اور وزارت کے افسران نے شرکت کی۔