کرناٹک کی جیل میں قیدی کے پیٹ سے موبائل فون برآمد

واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیل حکام نے اچانک سرچ آپریشن کا آغاز کیا،بھارتی میڈیا

پیر 14 جولائی 2025 23:03

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)بھارتی ریاست کرناٹک کی شیموگا سینٹرل جیل میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جیل میں موجود ایک قیدی کے پیٹ سے موبائل فون برآمد ہوا، جس نے جیل کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیل حکام نے اچانک سرچ آپریشن کا آغاز کیا، دولت نامی 30 سالہ قیدی ایک فوجداری مقدمے میں 10 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے، اس نے چھاپے کے فورا بعد شدید پیٹ درد کی شکایت کی۔

جیل حکام کے مطابق اسے فوری طور پر شیموگا کے میک گین سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایکس رے رپورٹ میں اس کے پیٹ میں موبائل فون کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔قیدی کی رضامندی کے بعد ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کی اور ایک موبائل فون برآمد کیا، جس کا سائز تقریبا ایک انچ چوڑا اور 3 انچ لمبا تھا، موبائل فون کو بعد ازاں سیل کر کے جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :