کسی ایک قوم یا شناخت کو نشانہ بنانا ملکی یکجہتی پر حملہ ہے،سابق رکن اسمبلی ماہ جبین شیران

پیر 14 جولائی 2025 23:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) سابق رکن صوبائی اسمبلی معروف سماجی و سیاسی رہنماء ماہ جبین شیران نے ضلع ژوب میں سرڈھاکہ کے مقام پر بے گناہ مسافروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم و بے گناہ مسافروں کو مارنے سے بلوچستان آزاد نہیں ہو سکتا نہ ہی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے کسی سیاسی مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعے میں بے گناہ پنجابی مسافروں کو ان کی زبان اور شناخت کی بنیاد پر چن چن کر قتل کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے جو نہ صرف ظلم و بربریت کی انتہا ہے بلکہ اس سے دہشتگردوں کا گھناؤنا چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان تمام اقوام کا صوبہ ہے اور پنجابی، پشتون، بلوچ، سرائیکی، ہزارہ اور دیگر قومیتوں کے لوگ یہاں مل جل کر صدیوں سے بھائی چارے سے رہ رہے ہیں، کسی ایک قوم یا شناخت کو نشانہ بنانا ملکی یکجہتی پر حملہ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچائے۔