Live Updates

ضلع کونسل کشمور کا سالانہ بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا

پیر 14 جولائی 2025 19:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) ضلع کونسل کشمور کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔ ضلع چیئرمین گل محمد جکھرانی اور وائس چیئرمین الطاف خان کھوسو کی زیر صدارت پیر کو ضلع کونسل کشمور کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کونسل ممبران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع چیئرمین گل محمد جکھرانی نے ضلع کونسل کا بجٹ 26-2025 پیش کیا۔

ضلع کشمور کے چیئرمین گل محمد جکھرانی نے 61کروڑ 71 لاکھ 82 ہزار 141روپے کا بجٹ پیش کیا جس میں لاگت کا تخمینہ 61 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار 278 روپے ہے جبکہ بچت 4 لاکھ 51 ہزار 830 روپے ہے۔ تنخواہ اور پنشن 22 کروڑ 65 لاکھ روپے، قدرتی آفات کے لیے 20 لاکھ روپے، صفائی کے لیے 2 کروڑروپے ، گاڑیوں کی مرمت کے لیے 2 کروڑروپے ، نئے ترقیاتی کاموں کے لیے 26 کروڑروپے ، پریس کلب کے لیے 17 لاکھ روپے، غریبوں کی مالی امداد کے لیے 30 لاکھ روپے، سکالرشپ کے لیے 70 لاکھ روپے، ملیریا ڈسپنسری اور ادویات کے لیے 20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی چیئرمین گل محمد جکھرانی اور وائس چیئرمین الطاف خان کھوسو کا کہنا تھا کہ ہماری آمدنی کا خاص ذریعہ او زیڈ ٹی ہے جو حکومت سے ملتا ہے ، ہم سندھ حکومت سے درخواست کریں گے کہ ہمارے ضلع کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے، جہاں تک ترقیاتی کاموں کا تعلق ہے تو بجٹ میں خصوصی رقم رکھی گئی ہے، ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تجویز ہے کہ ہر منتخب رکن کو 20,20 لاکھ روپے کی سکیمیں دی جائیں تاکہ ضلع کشمورکے باسیوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جا سکے۔ ضلعی چیئرمین گل محمد جکھرانی اور وائس چیئرمین الطاف خان کھوسو کی زیر صدارت بجٹ 2025-26کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :