حاجی عاشق حسین میموریل جنرل ہسپتال اینڈ ڈائیلاسس سینٹرسیالکوٹ میں ابتدائی ٹیسٹ کاآغاز کر دیا گیاہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 14 جولائی 2025 19:50

سیالکوٹ ،14 جولائی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) حاجی عاشق حسین میموریل جنرل ہسپتال اینڈ ڈائیلاسس سینٹرسیالکوٹ میں ابتدائی ٹیسٹ کاآغاز کر دیا گیاہے۔ اس موقع پرسابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے نے کہا ہے کہ یہ فلاحی ہسپتال انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار شیڈ ٹرسٹ کا ایک عظیم منصوبہ ہے جو سیالکوٹ اور گرد و نواح کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں نصب کی گئی جدید ترین ڈائیلاسس مشینیں بین الاقوامی معیار کی ہیں، جن کے ذریعے گردوں کے مریضوں کو مفت یا انتہائی کم لاگت پر علاج مہیا کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس اقدام کو اپنے والد مرحوم حاجی عاشق حسین کی انسان دوستی اور عوامی خدمت کے تسلسل سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ ادارہ صدقہ جاریہ کی شکل میں معاشرے کے نادار اور مستحق افراد کے لیے امید کی کرن بن کر ابھرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیسٹ رن کے کامیاب نتائج کے بعد ہسپتال بہت جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا جہاں نہ صرف جنرل امراض کا علاج ہوگا بلکہ خصوصی طور پر ڈائیلاسس، ایمرجنسی اور لیبارٹری خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھی صحت جیسے اہم شعبے میں اس نیک مقصد کا حصہ بنیں تاکہ ہم سب مل کر ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں۔