پشاور، ملک طارق اعوان نے مدینہ کالونی میں بجلی تاروں کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا

پیر 14 جولائی 2025 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) (ن )لیگ پی کے 82 کے رکن صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان نے اپنے حلقہ کے علاقہ این سی 46 مدینہ کالونی میں بجلی کی بوسیدہ تاروں کا سنگین مسئلہ 12 گھنٹوں کے اندر حل کردیا ۔گزشتہ روز طارق اعوان قلعہ میں آئے ہوئے وفد کی نشاندہی کے 12 گھنٹے کے اندر لاکھوں روپے مالیت کی اے بی سی بجلی کیبل تار مذکورہ علاقہ میں لگا کر علاقہ عوام کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف فراہم کردیا ، نئی تاروں کا افتتاح کرنے جب ایم پی اے ملک طارق اعوان مدینہ کالونی پہنچے تو علاقہ عوام کی جانب سے انکا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں کندھوں پر اٹھا کر تقریب میں لے جایا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی ۔

علاقہ عوام نے دیرینہ مسئلہ حل ہونے پر عوامی ایم پی اے ملک طارق اعوان کا شکریہ ادا کیا اور انکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پی کے 82 کو ایک ایسا عوامی نمائندہ ملا ہے جوکہ عوام کیلئے کسی مسیحا سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

بجلی کی تاروں کا نیا جال بچھانے کے موقع پر واپڈا کے فوکل پرسن عبدالمنان باجوڑی،شاکر خان،اکبر علی و دیگر بھی موجود تھے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مدینہ کالونی کے ایک بڑے وفد نے علاقہ ایم پی اے ملک طارق اعوان سے ملاقات کرکے انہیں اپنے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا تھا جس پر ایم پی اے نے فوری نوٹس لیتے ہوئے واپڈا کے حکام کو بجلی کی تاروں کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی جس پر آج صبح عملدر آمد یقینی بناتے ہوئے مذکورہ علاقہ میں نئی بجلی کی تاروں کا جال بچھا دیا گیا ۔