Live Updates

آندھی اور طوفانی بارش سے 132 کے وی کی ٹرانسمیشن متاثر، سیہون، کھانوٹ اور شالمانی گرڈ اسٹیشنز کی بجلی بند

پیر 14 جولائی 2025 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) حیدرآباد ریجن میں شدید آندھی اور طوفانی بارش کے باعث 132 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں سیہون، پارکو، شالمانی اور کھانوٹ گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ حیسکو ترجمان کے مطابق جامشورو سے کھانوٹ کے درمیان ایک پی سی سی پول گرنے کی وجہ سے شالمانی اور کھانوٹ گرڈ اسٹیشن بھی بجلی سے محروم ہو گئے۔

(جاری ہے)

حیسکو چیف انجینئر فیض اللہ ڈاہری نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جی ایس او اور جی ایس سی کی ٹیموں کو متاثرہ مقامات پر بجلی کی بحالی کے لیے کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ گرنے والے پولوں کی جگہ جلد از جلد نئے اسٹرکچر نصب کیے جائیں تاکہ بجلی کی فراہمی بحال ہو سکے۔ چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی) رمیش کمار نے بتایا کہ وہ خود اس مرمتی کام کی نگرانی کر رہے ہیں، اور متاثرہ مقامات پر ہیوی مشینری اور تکنیکی عملہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی کنسٹرکشن کی ٹیمیں بھی بحالی کے عمل میں شامل ہیں۔ حیسکو ترجمان نے کہا کہ اس ہنگامی صورتحال میں عوام کو درپیش مشکلات پر معذرت خواہ ہیں اور جلد از جلد بجلی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات